مسئلہ١٦٥:واجب نمازیں چھ/٦ہیں؛
(١)نماز پنجگانہ (٢)نماز آیات (٣)نماز میّت (٤)نماز طواف (٥)باپ کی قضاء نماز یں جو بڑے بیٹے پر واجب ہیں (٦)وہ نماز جو اجارہ، نذر، قسم یا عہد کے ذریعہ واجب ہو جاتی ہیں۔
اوقات نماز
وقت ظہر و عصر
مسئلہ١٦٦:ظہر و عصر دونوں نمازوں کے لۓ ایک مخصوص اور ایک مشترک وقت ہے نماز ظہر کا مخصوص وقت اذان ظہر سے لے کر چار رکعت پڑھنے کے وقت تک ہے کہ اگر کوئ سہواً نماز عصر اس وقت میں پڑھے تو اس کہ نمازباطل ہے اور نماز عصر کا مخصوص وقت غروب سے پہلے اتنی مقدار ہے جس میں عصر کی چار رکعت پڑھی جا سکیں اگر کسی نے اس وقت تک نماز نہ پڑھی ہو تو نماز عصر پڑھے اور ظہر کی نما زکی قضاء کرے۔ ظہر اور عصر کے مخصوص اوقات کے درمیان کا وقت ظہر اور عصر کی نمازوں کا مشترک وقت ہے اگر کوئ شخص بھولے سے نماز ظہر سے پہلے نماز عصر پڑھے تو نماز صحیح ہو گی اور نماز ظہر کو بعد میں بجا لاۓ لیکن چار رکعت مافی الذّمہ کی نیّت سے پڑھنے کو ترک کرنا مناسب نہیں ہے۔
نماز مغرب و عشاء کا وقت
مسئلہ١٦٧:نماز مغرب اور عشاء دونوں کے لۓ ایک مخصوص وقت ہے اور ایک مشترک وقت ہے نماز مغرب کا مخصوص وقت اول مغرب سے لے کر تین رکعت ادا کرنے کی مقدار تک ہے کہ اگر کوئ شخص مسافر ہو اور و ہ پوری نماز عشاء کو سہواً اس وقت میں پڑھے تو اس کی نماز باطل ہو گی اور اس شخص کے لۓ جو مسافر نہ ہو نماز عشاء کا مخصوص وقت وہ ہے جب آدھی رات ہو نے میں صرف اتنا وقت باقی ہو کہ عشاء کی چار رکعتیں پڑھی جا سکیں تو اگر کسی شخص نے اس وقت تک نماز مغرب نہ پڑھی ہو تو پہلے عشاء کی نماز پڑھے اور پھر مغرب کی نماز پڑھے۔ نمازمغرب و عشاء کے مخصوص وقتوں کے درمیان کا وقت نماز مغرب و عشاء کا مشترک وقت ہے پس اگر کوئ شخص بھولے سے مغرب کی نماز سے پہلے نماز عشاء پڑھ لے اور بعد میں اس کو خیال آۓ تو اس کی نماز صحیح ہے اب وہ مغرب کی نماز بجا لاۓ۔
اوقات نماز صبح
مسئلہ١٦٨:جو سفیدی آذان صبح کے نزدیک مشرق کی طرف سے نمودار ہو کر آگے بڑھتی ہے اسے صبح کا ذب کہتے ہیں اور جب وہ سفیدی پھیل جاۓ تو اسے صبح صادق کہتے ہیں اور وہی نماز صبح کا اول وقت ہے اور نماز صبح کا آخری وقت وہ ہے جب آفتاب نکلتا ہے۔