مسئلہ١٣٧:مسلمان میّت کو تین کپڑوں میں کفن دیا جاۓ اور ان تین کپڑوں کو لنگ، قمیص اور چادر کہتے ہیں۔
مسئلہ١٣٨:لنگ وہ کپڑا ہے جو ناف سے زانو تک کے حصّے کو ڈھانپ لے اور بہتر یہ ہے کہ سینے سے پاؤں تک ہو، اور قمیص وہ کپڑا ہے جو کندھوں سے لے کر پنڈلیوں کے نصف حصّے تک یا پورے بدن کو چھپالے اور بہتر یہ ہے کہ پیر تک ہو اور چادر وہ کپڑ ا ہے جو سر سے لے کر پاؤں تک لمبی ہو کہ دونوں طرف گرہ لگائ جاسکے اور چوڑائ میں اتنی ہو کہ ایک طرف کا حصّہ دوسری طرف جاسکے۔
مسئلہ١٣٩:لنگ کا وہ حصّہ جو ناف سے زانو تک ڈھانپ لے اور قمیص کا وہ حصّہ جو کندھوں سے نصف پنڈلی تک چھپالے یہ کفن کی واجب مقدار ہے، اور اس سے زیادہ مقدار جو پہلے مسئلے میں بیان کی گئ ہے وہ مستحب ہے۔
مسئلہ١٤٠:اگر میّت کا کفن اس کی نجاست سے یا کسی دوسری نجاست سے نجس ہو جاۓ اور کفن کے ضایع ہو نے کا خوف نہ ہو تو نجس مقدار کو پاک کردیں یا کاٹ دیں اگرچہ میّت کو قبر میں رکھا ہی کیوں نہ جا چکا ہو، اور اگر اس کا پاک کرنا یا کاٹنا ممکن نہ ہو تو بدل دیا جاۓ۔
مسئلہ١٤١:ہر انسان کے لۓ مستحب ہے کہ وہ اپنی زندگی میں ہی کفن، سِدر اور کافور آمادہ رکھے۔